وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا داجل چیک پوسٹ بم دھماکے کی شدید مذمت، ریلوے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بکھر کے داجل چیک پوسٹ میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگرد عناصر قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ڈی جی Frontier Works Organization (FWO) میجر جنرل عبدالسمیع نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وفاقی وزیر ریلوے سے ملاقات کی اور ایف ڈبلیو او کے تعاون سے پاکستان ریلوے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، وفاقی وزیر ریلوے نے ریلوے کی ڈیجیٹلائزیشن کے پہلے مرحلے میں 13 اہم منصوبے شامل کرنے اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا۔ ریلوے ٹریکنگ سسٹم اور جی پی ایس ٹریکنگ متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس سے ٹرین آپریشنز کی مؤثر نگرانی ممکن ہوگی۔

مزید براں، بڑے ریلوے اسٹیشنز پر وائی فائی کی فراہمی اور لوکوموٹیو چیک پوائنٹس کے قیام کے منصوبے بھی زیر بحث آئے۔ راولپنڈی کے طرز پر سیف اینڈ اسمارٹ ریلوے اسٹیشنز کے قیام کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر غور کیا گیا۔ لاہور میں مرکزی کنٹرول روم اور تمام ایچ آر ڈویژنز میں کنٹرول رومز کے قیام کی منظوری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جدید ڈیٹا سینٹر کے قیام سے ریلوے نظام کی کارکردگی میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ اس موقع پر ایم ایل-3 منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور تھر کول منصوبے سے ریلوے نیٹ ورک کو مستحکم بنانے اور توانائی کے مؤثر استعمال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔