وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا افغان رجیم کی بلااشتعال حملوں کی شدید مذمت، پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو اجاگر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے افغان رجیم کی جانب سے معصوم شہریوں پر بلااشتعال حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین اور عوام کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا ، محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ہر شرپسند اور دہشتگرد عنصر کو قرار واقعی اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور ہمیں اپنی بہادر افواج پر بے حد فخر ہے، جو وطن کے دفاع کو اپنا ایمان سمجھتی ہیں اور کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ پاکستان کی غیور قوم اور بہادر مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد اور ثابت قدم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج کی جوابی صلاحیت ہمہ گیر، بروقت اور فیصلہ کن ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی بھرپور استعداد رکھتی ہیں۔

محمد حنیف عباسی نے بتایا کہ گزشتہ برسوں سے افغان سرزمین پاکستان دشمن عناصر کی پناہ گاہ بنی ہوئی ہے اور ٹی ٹی پی جیسے گروہ بدامنی پھیلانے میں ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بلااشتعال جارحیت کا جواب دیتے ہوئے پاکستان نے ثابت کیا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ہر مہم جوئی کا مؤثر سدباب کیا جائے گا۔