کلرکہار ( خصوصی رپورٹر) نو منتخب ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ملک نوید اعوان کا کلرکہار آمد پر شاندار استقبال، کلرکہار ، نو منتخب ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ملک نوید اعوان کی کلرکہار آمد پر ان کے اعزاز میں ایک پروقار، شاندار اور یادگار تقریبِ استقبال کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی، کاروباری، مذہبی، قانونی اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کی میزبانی ضلع چکوال کی معروف معزز سیاسی و کاروباری شخصیت حاجی ملک خالد اعوان وعولہ (حمزہ پٹرولیم) نے کی، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سدا بہار رکن پنجاب اسمبلی سابق صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم اعوان سیتھی نے خصوصی طور پر شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
اس موقع پر مقررین نے ملک نوید اعوان کو ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جیسے اہم آئینی و قانونی منصب پر تعینات ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تقرری نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور قانونی مہارت کا اعتراف ہے بلکہ پورے ضلع چکوال اور بالخصوص کلرکہار کے لیے باعثِ فخر اعزاز بھی ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ملک نوید اعوان نے اپنی قانونی خدمات، دیانتداری اور پیشہ ورانہ قابلیت کے ذریعے ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور امید ہے کہ وہ اپنے نئے منصب پر انصاف کی فراہمی، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کے فروغ میں مؤثر اور مثالی کردار ادا کریں گے۔
اپنے خطاب میں ملک نوید اعوان نے تقریب کے شرکاء کی جانب سے والہانہ محبت، اعتماد اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں اور تجربہ قومی خدمت کے لیے وقف رکھتے ہیں اور نئے عہدے کی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، خلوص اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ نبھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
تقریب خوشگوار اور پُرجوش ماحول میں منعقد ہوئی جہاں شرکاء نے ملک نوید اعوان کے ساتھ ملاقات کی، انہیں مبارکباد پیش کی، یادگاری تصاویر بنوائیں اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کلرکہار میں منعقد ہونے والی یہ تقریب علاقے کی سیاسی، سماجی، کاروباری اور قانونی شخصیات کے ایک بڑے اجتماع کی صورت اختیار کر گئی، جبکہ شرکاء نے اسے خطے کی ایک اہم، باوقار اور یادگار تقریب قرار دیا۔

