اسلام آباد (سٹی رپورٹر )جنرل سیکرٹری سی ڈی اے ایمپلائز یونین (پاشا گروپ) اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری پاکستان یونائیٹڈ ورکر فیڈریشن (پی یو ڈبلیو ایف) عزت کمال پاشا نے بینکاک میں منعقدہ انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن (آئی ٹی یو سی) کی عالمی کانفرنس میں پاکستان بھر کے مزدوروں کی نمائندگی کی۔ آئی ٹی یو سی کے پلیٹ فارم سے منعقد ہونے والی اس اہم کانفرنس میں دنیا بھر سے مزدور رہنماؤں نے شرکت کی، جہاں معذور ورکرز کے حقوق، سوشل پروٹیکشن، کلائمیٹ پالیسیز، مضبوط یونینز، صاف اور محفوظ کام کی جگہ، کارپوریٹ اکاؤنٹیبلٹی، نوکریوں کا تحفظ اور گرین انرجی کے ساتھ مزدوروں کے روزگار اور حقوق کے تحفظ جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
کانفرنس میں کنسٹرکشن ورکرز، کسانوں، فیکٹری ورکرز، یوتھ اور خواتین کے حقوق اور روزگار کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی گئی جبکہ اداروں کی نجکاری کو روکنے، سوشل ڈائیلاگ کی ضرورت، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر زور دیا گیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری عزت کمال پاشا نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے معذور ملازمین کے حقوق کے ساتھ ساتھ دیگر مزدور طبقے کو درپیش مسائل پر واضح مؤقف پیش کیا اور ایسی عملی تجاویز جمع کروائیں جن کے ذریعے پاکستان میں مزدوروں کے حقوق کو مؤثر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

